جسٹس رنجن گوگوئی آئندہ چیف جسٹس ، 3 اکتوبر کو حلف برداری

نئی دہلی۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف جسٹس آف انڈیا دیپک مصرا نے آج مرکزی حکومت کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے جسٹس رنجن گوگوئی کو اپنا جانشین مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔ جسٹس گوگوئی 3 اکتوبر کو نئے چیف جسٹس آف انڈیا کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ انتہائی اعلیٰ ذرائع نے کہا کہ چیف جسٹس دیپک مصرا نے روایات کی پاسداری کرتے ہوئے وزارتِ انصاف و قانون کو تحریر کردہ مکتوب میں سینئر ترین جج جسٹس گوگوئی کے آئندہ چیف جسٹس آف انڈیا کی حیثیت سے تقرر کی تائید، توثیق و سفارش کی ہے۔ وزیر قانون روی شنکر پرساد نے حال ہی میں جسٹس مصرا سے اپنے جانشین کے تقرر کی سفارش کیلئے کہا تھا جس کیساتھ ہی عدالت عظمیٰ میں چیف جسٹس کی تبدیلی کا عمل شروع ہوا تھا لیکن اس عہدہ پر جسٹس گوگوئی کے تقرر سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں ہونے لگی تھیں کہ وہ بھی ان چار سینئر ججوں میں شامل تھے جنہوں نے اس سال جنوری میں پریس کانفرنس طلب کرتے ہوئے مختلف مسائل کے ضمن میں چیف جسٹس مصرا پر تنقید کی تھی۔