حیدرآباد 3 جولائی (سیاست نیوز) متحدہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے جسٹس رادھا کرشنن 7 جولائی کو حلف لیں گے۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو تمام تیاریاں کرنے کی ہدایت دی۔ آج سکریٹریٹ میں اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرکے چیف سکریٹری نے چیف جسٹس ہائیکورٹ کی حلف برداری کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ راج بھون کے عہدیداروں سے تال میل پیدا کرکے حلف برداری تقاریب کیلئے تیاریاں کریں۔ محکمہ عمارات و شوارع کو بیٹھنے کے انتظامات کے ساتھ حصاربندی اور شامیانے کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔ محکمہ پولیس کو بندوبست کے ساتھ ٹریفک کو کنٹرول کرنے اور سکیورٹی انتظامات کی ہدایت دی ۔بلاوقفہ برقی کی سربراہی کے علاوہ جنریٹرس رکھنے کی محکمہ برقی کو ہدایت دی۔ محکمہ اطلاعات و نشریات کو میڈیا کوریج، لائیو فیڈ، پبلک اڈریس سسٹم کا انتظام کرنے، مہمان خصوصی کا استقبال کرنے عملے کا تعین کرنے کی کلکٹر حیدرآباد کو ہدایت دی۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹریز آدر سنہا سنیل شرما، ہرپرت سنگھ، ہائیکورٹ عہدیدار مرلیدھر راؤ، کمشنر جی ایچ ایم سی بی جناردھن ریڈی، سکریٹری سیاحت بی وینکٹیشم، سکریٹری محکمہ قانون نرنجن راؤ، کلکٹر حیدرآباد یوگیتا رانا، پروٹول ڈائرکٹر اروند سنگھ، ایڈیشنل ڈی جی لا اینڈ جتندر، ایڈیشنل کمشنر ‘چوہان گورنر دفتر کے عہدیدار ودیا ساگر کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔