نئی دہلی ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کور کالجیم نے آج اترکھنڈ چیف جسٹس کے ایم جوزف کو فاضل عدالت کے جج کے طور پر ترقی دینے کی اس کی سفارش پر نظرثانی کے مسئلہ پر فیصلہ کو موخر کردیا جبکہ اسے گذشتہ ہفتہ حکومت نے لوٹا دیا تھا۔ چیف جسٹس دیپک مشرا اور جسٹس جے چلمیشور ، جسٹس رنجن گوگوئی ، جسٹس مدن لوکور اور جسٹس کورین جوزف پر مشتمل پانچ رکنی بنچ کا اجلاس فاضل عدالت کے اوقات کار کے بعد منعقد کیا گیا لیکن کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ جسٹس جوزف کے علاوہ کالجیم کے ایجنڈہ میں بعض دیگر ججوں کا معاملہ بھی شامل ہے۔