جسٹس جوزف کی آج بحیثیت سپریم کورٹ جج حلف برداری

نئی دہلی ۔ 6 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) جسٹس کے ایم جوزف چیف جسٹس آف اُتراکھنڈ ہائیکورٹ بحیثیت جج سپریم کورٹ کل تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے جبکہ سیناریٹی کے بارے میں مرکزی حکومت سے تنازعہ ہنوز برقرار ہے ۔ مرکز نے کہا کہ وہ ہائیکورٹ کی سیناریٹی لسٹ میں ’’آزمودہ ‘‘قرار دیئے گئے ہیں۔ مرکزی حکومت نے گزشتہ جمعہ کو سپریم کورٹ کے تین ججس میں شامل کیا تھا اور وہ بلحاظ سینیاریٹی تیسرے مقام پر ہیں۔ سپریم کورٹ کے ذرائع کے بموجب تینوں ججس کی تقریب حلف برداری بحیثیت ججس سپریم کورٹ کل منعقد کی جائے گی ۔ ان میں جسٹس اندرا بنرجی ، جسٹس ونیت سارن اور جسٹس کے ایم جوزف شامل ہیں۔ جسٹس ایم بی لوکر ، جسٹس کورین جوزف اور جسٹس اے کے سیکری نے آج چیف جسٹس دیپک مشرا سے ملاقات کرکے سینیاریٹی مسئلہ کے بارے میں اپنے اندیشے ظاہر کئے ۔ مبینہ طورپر ججوں نے اپنے نقاطِ نظر سے اُنھیں واقف کروایا ۔ عدالتی ذرائع کے بموجب موجودہ مرحلے پر کچھ زیادہ کارروائی نہیں کی جاسکتی ۔ بعض ججوں کی جانب سے ظاہر کردہ اندیشوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا ۔ تاہم تینوں ججس کی تقریب حلف برداری مقررہ وقت پر کل منعقد کی جائے گی ۔