نئی دہلی۔ 7 مئی (پی ٹی آئی) عدلیہ میں تقررات کے نظام پر جاری کشمکش کے دوران آندھرا پردیش اور تلنگانہ ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس دلیپ بابا صاحب بھوسلے کو آج قائم مقام چیف جسٹس ہائیکورٹ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ وزارت ِداخلہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس کلیان جیوتی سین گپتا کی سبکدوشی کے باعث وہ آج ہی فوری اثر کے ساتھ یہ جائزہ حاصل کرلیں گے۔ ججس کے تقرر کیلئے داخلی طریقہ کار کا نظام نئے قانون کے ذریعہ بدل دیا گیا ہے اور نیشنل جوڈیشیل اپوائٹمنٹ کمیشن (این جی اے سی) نے ہنوز اپنا کام شروع نہیں کیا ہے۔ سپریم کورٹ میں اس وقت این جی اے سی کے جواز کو چیلنج کرتے ہوئے دائر کردہ درخواست کی سماعت کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ چیف جسٹس آف انڈیا نے نئے قانون کے تحت سلیکشن کمیٹی کے پیانل میں وزیراعظم کے ساتھ حصہ لینے سے بھی انکار کردیا تھا۔