جسٹس ایل نرسمہا ریڈی عدالتی کمیٹی کے سربراہ مقرر

ایک عہدہ ایک پنشن اسکیم
جسٹس ایل نرسمہا ریڈی عدالتی کمیٹی کے سربراہ مقرر
نئی دہلی 14 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ  کام ) جسٹس ( ریٹائرڈ ) ایل نرسمہا ریڈی ‘ سابق چیف جسٹس پٹنہ ہائیکورٹ ‘ ایک عہدہ ایک پنشن اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لینے تشکیل دی گئی عدلیہ کمیٹی کی قیادت کرینگے ۔ یہ اسکیم سابق فوجیوں کیلئے ہے ۔ سرکاری طور پر ان کے تقرر کا آج اعلان کیا گیا ۔ کمیٹی کو چھ ماہ کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنی سفارشات پیش کرسکے۔  اس کمیٹی کے قواعد و ضوابط کی آج وضاحت کردی گئی ۔ کہا گیا ہے کہ وہ مرکزی حکومت سے مختلف موضوعات پر ملنے والے حوالوں کا جائزہ لینا اور سفارشات پیش کرنا اس کمیٹی کا ذمہ ہوگا ۔ مرکزی حکومت نے ایک عہدہ ایک پنشن اسکیم کا گذشتہ مہینے اعلان کیا تھا ۔ حکومت کا یہ اقدام ایک عہدہ ایک پنشن اسکیم پر عمل آوری سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کرنا ہے ۔ جسٹس ( ریٹائرڈ ) ایل نرسمہا ریڈی بین سرویس مسائل سے پیدا ہونے والی صورتحال کو حل کرنے اور بے ضابطگیوں کو دور کرنے کی کوشش کرینگے ۔ یہ کمیٹی مرکزی حکومت کی جانب سے ایک عہدہ ایک پنشن اسکیم پر عمل آوری کیلئے جو طریقہ کار طئے کیا گیا ہے اس کا بھی جائزہ لے گی ۔ وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ کمیٹی اپنی سفارشات پیش کرتے ہوئے اپنی سفارشات کے معاشی اثرات کا بھی جائزہ لے گی ۔