جسمانی معذور شخص سیل ٹاور پر چڑھ گیا دیرینہ مسائل کی عدم یکسوئی پر اقدام

حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگست (یواین آئی) جسمانی معذور ایک شخص آندھراپردیش کے تروپتی میں سیل ٹاور پر چڑھ گیا ۔اس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی مرتبہ اس کے مسائل سے حکام کو واقف کرنے کے باوجود مسائل حل نہیں کئے گئے ۔ اس نے فوری طور پر مسائل حل نہ کرنے پر کود جانے کی دھمکی دی ۔آج صبح تروپتی کے کورلا کنٹہ کے رہنے والے مادھو نامی یہ معذور تلک روڈ پر سری دیوی کامپلکس کے سیل ٹاور پر چڑھ گیا ۔اس نے کہا کہ 333 معذورین کے مکان الاٹ کرنے کی کئی مرتبہ حکومت سے نمائندگی کی گئی تھی جو لاحاصل رہی ۔ اس نے دھمکی دی کہ ان مسائل کو حل کرنے کی کلکٹر کی جانب سے وہاں آکر یقین دہانی نہ کروانے پر وہ ٹاور سے کود جانے کا انتباہ دیا ۔اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور پولیس کے اہلکار وہاں پہونچے ۔ اسے اتارنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ دس سال سے معذورین کیلئے مکانات کے سلسلہ میں یہ شخص نمائندگی کررہا تھا ۔ تاہم نمائندگی کا کوئی نتیجہ نہ ملنے پر وہ سیل ٹاور پر چڑھ گیا ۔