جسمانی معذورین کے روسٹر سسٹم کو ختم کرنے کا مطالبہ

تحفظات سے صرف نابینا خواتین کو فائدہ ، کے سرینواس اور دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ان ایمپلائیڈ ویزولی چالینجڈ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جسمانی معذورین کے تحفظات سے متعلق مدون کئے گئے 6 پوائنٹ روسٹر سسٹم کو برخاست کرتے ہوئے 6 پوائنٹ بلینڈ جنرل کردے تاکہ نابینا مرد افراد کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کا ازالہ کیا جاسکے ۔ یہ بات آج یہاں کمیٹی کے قائدین مسرز کے سرینواس ، آر سوامی نائک ، کاشی ، ویرا رگھو نے پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ معذورین کو فراہم کئے گئے 3 فیصد تحفظات کے منجملہ ایک فیصد نابیناؤں کو ، ایک فیصد بہروں کو اور ایک فیصد جسمانی معذورین کیلئے مختص کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ نابیناؤں کیلئے مختص کردہ ایک فیصد ریزرویشن کیلئے بھی 6 پوائنٹ روسٹر سسٹم قانون وضع کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں تقررات میں صرف خاتون نابیناؤں کو ہی راست فائدہ پہنچ رہا ہے جب کہ مرد نابیناؤں کیلئے نقصان کا باعث بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر نابیناؤں کے لیے پی ڈبلیو ڈی ایکٹ کے تحت مدون کردہ 6 پوائنٹ روسٹر سسٹم کے طریقہ کار کو برخاست کردیا جائے ۔۔