گوہاٹی ، 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ شہد کی مکھیوں کی مانند بن جائیں … جو شہد پیدا کرتی ہیں اور ساتھ ہی ڈستی ہیں… اور عام گھریلو مکھی نہ بنیں جو صرف گندگی پھیلاتی ہے۔ مودی شمال مشرق کے بڑے انگریزی روزنامہ ’دی آسام ٹربیون‘ کی پلاٹینم جوبلی تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ جرنلسٹوں کو شہد کی مکھیوں جیسا بننا چاہئے … شہد پیدا کرنے کے ساتھ ہی ساتھ کاٹتی ہوئے دیرپا اثر قائم کرتی ہیں ، اور وہ مکھی نہ بنیں جو صرف گندگی پھیلاتی ہے۔ مودی نے کہا، ’’میڈیا کو ہمارے جیسے تیزی سے تغیرپذیر سماج میں بڑے چیلنج کا سامنا رہتا ہے۔پہلے ہمیں خبریں 24 گھنٹوں میں ایک بار حاصل ہوتی تھیں لیکن اب ہمیں ایک منٹ میں کم از کم 24 خبریں مل جاتی ہیں اور چیلنج یہ ہے کہ اعتبار قائم رکھتے ہوئے بدستور بھروسہ مند رہیں‘‘۔