جرمن شہریوں کی ریکارڈ تعداد مہاجرین مخالف

برلن۔26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سیاسی پناہ کی تلاش میں جرمنی کا رخ کرنے والے افراد کی تعداد میں کمی کے باوجود جرمن شہریوں میں مہاجرین کی مخالفت کے رجحان میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ جرمنوں میں تارکین وطن کی بڑھتی مخالفت کے بارے میں یہ اعداد و شمار فریڈرش ایبرٹ شٹفٹنگ (ایف ای ایس) کی تیار کردہ ایک تازہ جائزہ رپورٹ میں سامنے آئے ہیں۔ بائیں بازو کے نظریات والے اس ادارے کی رپورٹ کے مطابق جرمنی میں انتہائی دائیں بازو کے عوامیت پسندوں کے نظریات معاشرے کے مرکزی دھارے میں بھی ’عام‘ ہو چکے ہیں۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق ریکارڈ 54.1 فیصد جرمن شہری جرمنی میں موجود سیاسی پناہ کے درخواست گزاروں کے بارے میں منفی رائے رکھتے ہیں۔ ایف ای ایس سن 2002 سے جرمنی میں دائیں بازو کی شدت پسندی سے متعلق سالانہ جائزہ رپورٹ جاری کر رہا ہے۔ اس برس یہ رپورٹ بیلے فیلڈ یونیورسٹی سے وابستہ محققین کے ایک گروپ نے تیار کی ہے۔سابقہ مشرقی جرمنی کے علاقوں میں مہاجرین کی مخالفت ملک کے مغربی حصے کی نسبت نمایاں طور پر زیادہ ہے۔