برلن ۔ 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی کی حکومت ایران کے ساتھ بحران میں ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہتی ہے۔ جرمن اخبار زیتوشے کے مطابق جرمن وزارت خارجہ کے پولیٹیکل ڈائریکٹر ینس بلوٹنر نے جمعرات کے روز تہران کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس اراغشی سے ملاقات میں نیوکلیئر بحران پر تبادلہ خیال کیا۔ اراغشی سال 2015 میں طے پانے والے نیوکلیئر معاہدے کی مذاکراتی ٹیم میں شامل تھے۔جرمن وزارت خارجہ کے مطابق خلیج اور خطے میں صورت حال "نہایت خطر ناک” ہے۔ اسی طرح 2015 مین ویانا میں ایران کے ساتھ طے پانے والے نیوکلیئر معاہدہ بھی خطرے میں ہے۔حالیہ عرصے میں جرمن پارلیمنٹ میں یہ مطالبہ سامنے آ رہا ہے کہ حکومت اس معاملے میں ثالثی کا کردار ادا کرے۔