جرمنی کے چڑیا گھر سے چار شیر اور تیندوا فرار

برلن ۔ 2 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے کہا ہے کہ جرمنی کے شہر لوئنباخ کے ایک چڑیا گھر سے دو ببر شیر، دو شیر اور ایک تیندوا بھاگ گئے۔مقامی حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں اور اگر انھیں کوئی درندہ نظر آئے تو فوراً پولیس کو مطلع کریں۔ایک مقامی ملازم نے بتایا کہ اس نجی چڑیا گھر سے ایک ریچھ بھی بھاگ نکلا تھا جسے بعد میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ جرمن میڈیا نے کہا ہے کہ جانوروں کو رات کو ایک طوفان کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کے بعد بھاگنے کا موقع مل گیا جس کی وجہ سے ان کے احاطے کے جنگلے متاثر ہوئے تھے ۔ یہ واضح نہیں ہے کہ یہ مفرور جانور ابھی تک اسی علاقے میں موجود ہیں یا کہیں اور چلے گئے ہیں۔ پولیس، فائر فائٹر اور جانوروں کے ڈاکٹر انھیں تلاش کر رہے ہیں۔یہ چڑیا گھر والپوٹ خاندان کی ملکیت ہے اور اس کا رقبہ 74 ایکڑ پر محیط ہے اور اس میں 60 نسلوں کے جانور رہتے ہیں، جن میں سائبیریا کے شیر اور ببر شیر شامل ہیں۔یہ چڑیا گھر 1965 میں قائم ہوا تھا اور یہاں ہر سال 70 ہزار لوگ آتے ہیں۔