برلن ، 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی میں مخالف اسلام تنظیم پیگیدا کی اپیل پر اس کی ہفتہ وار ریلی کو جو مشرقی شہر ڈریسڈین میں دوشنبہ کو مقرر کی گئی تھی ، اس کے سرکردہ قائدین کے پئے در پئے استعفوں اور عوام کی طرف سے اِسے ملنے والی تائید میں نمایاں کمی کے پیش نظر منسوخ کردی گئی ہے ۔ اس تنظیم نے کل اعلان کیا کہ اس کے مینجمنٹ بورڈ کے کئی ارکان تنظیمی بنیادوں پر مستعفی ہوگئے ۔ ان کے بڑے لیڈر اور شریک بانی لوتز بیاچمین نے ایک ہفتہ قبل اپنا عہدہ چھوڑ دیا جو تنظیم کیلئے شدید جھٹکہ رہا ۔ ترجمان تنظیم نے کہا کہ دوشنبہ کو مقررہ ریلی منسوخ کرتے ہوئے محض ایک وقفہ لیا جارہا ہے اور مستقبل کے منصوبوں کا متعاقب اعلان کیا جائیگا ۔ بیاچمین نے اخبار میں انھیں اڈولف ہٹلر کے لباس میں ملبوس دکھاتے ہوئے تصاویر شائع کرنے پر استعفیٰ دیدیا تھا ۔