جرمنی کا کمسن نوجوان طالب علم چاقوؤں کیساتھ گرفتار

برلن۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شمالی جرمنی میں پولیس نے ایک 17 سالہ کمسن نوجوان کو متعدد چاقوؤں کے ساتھ گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں آن لائن ایک چیاٹنگ کا تذکرہ کیا ہے جہاں کوئی بات کرتے کرتے یہ کسی اسکول پر حملہ کرتے ہوئے طلباء کو ہلاک کرنے کی دھمکیاں دے رہا تھا۔ پولیس نے فوری طور پر فلینس برگ اسکول میں داخل ہونے والے طلباء کی جانچ پڑتال شروع کردی اور بالآخر جرمن کمسن نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد کمسن نوجوان طالب علم پر جو شک کیا گیا تھا، اسے تقویت حاصل ہوئی۔ چیاٹنگ منگل کے روز کی گئی تھی جبکہ حملہ کی دھمکیاں چہارشنبہ کو دی گئی تھی۔ بہرحال 17 سالہ کمسن نوجوان طالب علم کی گرفتاری کے باوجود اسکول میں پڑھائی کا سلسلہ بدستور جاری رہا۔