جرمنی میں کنگ فہد اکیڈیمی بند کرنے سعودی عرب کا فیصلہ

برلن ۔29 اگست ( سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے جرمنی میں واقع سرکاری اسپانسر کردہ اسکول کو ماضی میں پیدا شدہ کشیدگی کے پیش نظر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی عرب کے سفارتخانہ نے بتایا کہ جرمنی کے سابق دارالحکومت بون میں واقع کنگ فہد اکیڈیمی کو 2017ء کے اوائل میں بند کردیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ اپنے شہریوں کو بہترین تعلیم فراہم  کرنے سعودی عرب کی کوششوں کے حصہ کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ جرمنی کو دنیا بھر میں بہترین تعلیمی نظام کیلئے جانا جاتا ہے۔ لہٰذا یہاں سعودی اکیڈیمی کی ضرورت نہیں۔ جرمنی کے حکام نے 2003ء میں سعودی اسکول کو اسلام پسند نظریات کے فروغ کیلئے استعمال کرنے کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ اس وقت یہاں تقریباً 150 طلبہ اور 30 اساتذہ ہیں اور اکیڈیمی نے سعودی تعلیمی نصاب پر عمل کیا جاتا ہے۔