برلن، 6 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی کے ڈسل ڈورف شہر کے قریب ایک ریل حادثے میں کئی لوگ زخمی ہو گئے ۔ محکمہ فائر بریگیڈ اور پولیس کے ترجمان نے آج یہ اطلاع دی۔ جرمنی کی عوامی نشریاتی سروس ‘اے آر ڈی’ کی رپورٹ کے مطابق میربشچ شہر میں مسافروں سے بھری ہوئی ایک ٹرین ایک کارگو ٹرین سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق اس ریل حادثے میں تقریبا 50 افراد کے زخمی ہونے کا اندیشہ ہے۔
امریکی بمبار طیاروں کی جزیرہ نما کوریا پر پرواز
سیول، 6دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی بمبار بی -1 بی لانسر طیارہ جنوبی کوریا کے ساتھ وسیع ہوائی مشق کے تحت آج کوریائی جزیرہ نما کے اوپر پرواز بھریں گے ۔جنوبی کوریا کی یونھاپ نیوز ایجنسی نے نامعلوم فوجی ذرائع کے حوالہ سے یہ اطلاع دی ہے . امریکہ تک پہنچ رکھنے کا دعوی کرنے والے بیلسٹک میزائل کا شمالی کوریا کی جانب سے ٹسٹ کئے جانے کے بعد امریکہ نے جنوبی کوریا کے ساتھ مل کر وسیع پیمانے پر ہوائی مشقیں شروع کی ہے ۔ پیر کو شروع ہونے والی مشق جمعہ تک چلے گی۔ جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے ایک اہلکار نے یونھاپ کی اطلاع کی تصدیق کرنے سے فی الحال انکار کیا ہے ۔ ویسے اس مشق میں بی -1 بی لانسر طیارے سمیت کئی امریکی جنگی بمبار طیارے حصہ لے رہے ہیں۔ شمالی کوریا نے اس مشق کو لے کر وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مشق جزیرہ نما کوریا کو نیوکلیئر جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کرے گی۔