سمینارس بھی ہوں گے ، یونیورسٹیز اور فیڈرل منسٹری جرمنی کے عہدیداروں کی شرکت
حیدرآباد۔8فروری(سیاست نیوز) جرمنی میں تعلیم کے مواقع پر پارک ہوٹل راج بھون روڈ سوماجی گوڑہ میں دو روزہ ایکسپو کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جرمن اسٹڈی اینڈ ریسرچ ایکسپو 2017کے دوران جرمنی کے مختلف یونیورسٹیز کے ذمہ دار اور ماہرین تعلیم طلبہ و اولیائے طلبہ سے راست بات چیت کریں گے۔ جرمنی میں اعلی تعلیم کے مواقع بالخصوص پوسٹ گریجویٹ اور مختلف شعبوں میں تحقیق کے مواقع پر سمینارس کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ 21اور22فروری کو ’دی پارک ہوٹل‘ سوماجی گوڑہ میں منعقد کئے جانے والے اس پروگرام کے دوران مختلف یونیورسٹی کے ذمہ داران کے علاوہ جرمن کی فیڈرل منسٹری آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے عہدیدار بھی موجود رہیں گے کیونکہ اس ایکسپو کا انعقاد جرمنی کی وزارت تعلیم کی اعانت سے کیا جا رہا ہے اور اس پروگرام کے دوران جرمن میں اعلی تعلیم کے مواقع بالخصوص منجمینٹ ‘ بزنس‘ انجنیئرنگ‘ ریسرچ اور دیگر شعبہ جات میں بین الاقوامی طلبہ کیلئے فراہم کی جانے والی سہولتوں کے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا جائے گا۔ علاوہ ازیں بین الاقوامی طلبہ کیلئے جرمن میں فراہم کی جانے والی اسکالرشپس کی سہولتوں کے علاوہ جرمن حکومت کی جانب سے تعلیم کے فروغ اور معیار میں بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے متعلق بھی واقف کروایا جائے گا۔ پروگرام کے دوران جرمنی سے تعلق رکھنے والے ماہرین تعلیم کے خطابات ہوں گے جو مختلف عنوانات پر منعقدہ سمینار میں طلبہ کو زمینی حقائق کے علاوہ ویزا کے حصول اوربیرونی طلبہ کیلئے موجود سہولتوں کے متعلق واقف کروائیں گے۔جرمن یونیورسٹیز میں موجود مستقبل کو بہتر بنانے کے مواقع اور ان میں کورسس کے متعلق مکمل جانکاری کے لئے یہ دو روزہ ایکسپو دونوں شہروں کے طلبہ کے لئے انتہائی مددگار ثابت ہو سکتا ہے اور بیرون ملک اعلی تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ اس زرین موقع سے فائدہ حاصل کرتے ہوئے پروگرام میں شرکت کرسکتے ہیں۔ خواہشمند طلبہ و اولیائے طلبہ کو داخلہ کی عام اجازت ہے مزید تفصیلات ویب سائٹ www.study-in.deسے حاصل کی جا سکتی ہیں۔