برلن 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی جرمنی کے شہر وپرٹال میں ایک اپارٹمنٹ عمارت میں ہوئے دھماکہ کے نتیجہ میں کم از کم 25 افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں چار کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس دھماکہ سے اپارٹمنٹ کی عمارت تباہ ہوگئی ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ سے اس عمارت کی کئی منزلیں دہل کر رہ گئیں ۔ یہ دھماکہ نصف شب سے عین قبل ہوا جب ایک بڑی آواز نے عوام کو خوفزدہ کردیا تھا جو اس عمارت کے اطراف مقیم تھے ۔ بیشتر لوگ خوف کے عالم میں گھروں سے بھاگ کھڑے ہوگئے اور سڑکوں پر جمع ہوگئے ۔ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے بتایا کہ دھماکہ اتنی شدت کا تھا کہ اس کے نتیجہ میں عمارت کے بالائی تین فلور تباہ ہوگئے ہیں۔ اس کے بعد اپارٹمنٹ بلڈنگ کے کئی حصوں میں آگ بھڑک اٹھی تھی اور آتش فرو عملہ کو آگ پر قابو اپنے کیلئے مشکلات پیش آئیں۔ کہا گیا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ سے بھی عمارت کے کچھ حصے منہدم ہوگئے ہیں۔ امدادی اور راحت کاری کارکنوں نے چار شدید زخمی افراد کو عمارت کے اندر سے بچا کر نکال لیا ہے اور انہیں دواخانہ منتقل کردیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ مزید 21 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں اور ان کا مقام واقعہ پر ہی ایمرجنسی اسٹاف نے علاج کیا ہے ۔ پولیس نے کہا کہ ابھی تک انہیں علم نہیں ہے کہ دھماکہ کی وجہ کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ عمارت کے قریب کھڑی ایک کار بھی تباہ ہوگئی کیونکہ اس پر عمارت کا ملبہ آ گرا تھا ۔ ایمرجنسی عملہ نے اپنی راحت سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے اور یہاں سے ملبہ کی صفائی کا آغاز ہوچکا ہے ۔