برلن ۔ 28 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) جرمن شہر بریمن کی پولیس نے اس شہر میں اسلامی انتہاء پسندوں کے خطرات کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہاہے کہ ان اندیشوں کے تحت سکیورٹی انتظامات میں مزید سختی پیدا کردی گئی ہے ۔ پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی انتہاپسندوں کی سرگرمیوں کے خطرات کے بارے میں گزشتہ روز جرمن وفاقی اتھاریٹی سے خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ پولیس نے آج اپنے بیان میں کہا کہ اس شمال مغربی شہر میں سکیورٹی کے مربوط اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تاہم پولیس نے ان خطروں کی نوعیت کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتایا ۔ پیرس اور کوپن ہیگن میں اس سال ہوئے حملوں کے بعد دہشت گردی کے بارے میں یوروپ میں بڑھتے ہوئے خطرات کے درمیان یہ وارننگ دی گئی ہے ۔ وسط فروری کے دوران دہشت گرد حملوں کے اندیشوں کے تحت جرمن کے شمالی شہر براونشوگ میں کارنیوال اسٹریٹ پریڈ منسوخ کردی گئی تھی۔