جرمانہ کی ادائیگی اور ہاسٹلس کے تخلیہ سے انکار

جے این یو طلبہ کی آج سے بھوک ہڑتال

نئی دہلی۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جے این یو کے طلبہ نے جنہیں کیمپس میں متنازعہ پروگرامس میں سزا سنائی گئی‘ آج انتہائی سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جرمانہ ادا کریں گے اور نہ ہی ہاسٹلس کا تخلیہ کریں گے۔ ان طلبہ نے احکامات سے دستبرداری کا مطالبہ کرتے ہوئے کل سے غیرمعینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا۔ جے این سی اسٹوڈنٹس یونین صدر کنہیا کمار نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس نام نہاد اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی کو پہلے ہی دن سے مسترد کردیا تھا۔ یہ غیرجمہوری اور جانبدارانہ کمیٹی ہے لہذا اس کی جانب سے سزا تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کنہیا کمار‘ عمر خالد‘ انیربن بھٹا چاریہ کو فروری میں پارلیمنٹ حملے کے مجرم افضل گرو کو پھانسی کے خلاف کیمپس میں ایک پروگرام منعقد کرنے کی بناء ملک سے غداری کے الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ اب ضمانت پر ہیں۔