جرائم پیشہ افراد کے خلاف راچہ کنڈہ پولیس کی سخت کارروائی

بدنام زمانہ بین ریاستی سارق بھرت بھوشن بنسل کے خلاف پی ڈی ایکٹ کا نفاذ
حیدرآباد /27 مئی ( سیاست نیوز ) رشہ کنڈہ پولیس کمشنرنے جرائم پیشہ افراد کے خلاف اپنی سخت کارروائی جاری رکھتے ہوئے بدنام زمانہ بین ریاستی عادی سارق 52 سالہ بھرت بھوشن بنسل کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔ چھبری بازار جھانسی اترپردیش کا ساکن عادی سارق مختلف ریاستوں میں سرقہ کی وارداتیں انجام دے چکا ہے ۔ مدھیہ پردیش ، اترپردیش ، کرناٹک ، ٹاملناڈو ، راجستھان ، تلنگانہ اور آندھراپردیش میں اس نے وارداتیں انجام دیں اور حیدرآباد سائبرآباد ، رچہ کنڈہ کے علاوہ اس نے دونوں ریاستوں میں 29 سے زائد وارداتوں کو انجام دیا ۔ پولیس حیات نگر نے ایک کارروائی کے دوران اس بدنام زمانہ عادی سارق کو گرفتار کرلیا تھا ۔ اترپردیش جھانسی کے ریلوے اسٹیشن سے یہ اکثر سفر کرتا تھا ۔ اس کی موٹر سائیکل کو ریلوے کیاریج کے ذریعہ روانہ کرتے ہوئے وہ سفر کیا کرتا تھا اور اس کے منتخب شہروں میں ریلوے اسٹیشنس سے قریب لاڑجوں میں وہ قیام کرتا تھا اور خود کو ماربل کا تاجر ظاہر کرتا تھا ۔ اپنی موٹر سائیکل کو وہ شہر کے لحاظ سے مقامی سیریز کا فرضی نمبر لگاکر وارداتیں انجام دیتا تھا اور ہر دن 10 تا 15 کیلومیٹر کی مسافت طئے کرتے ہوئے خالی بند مکانات اور علاقوں کی جانچ کرلیا کرتا تھا اور اس کے بعد واردات انجام دیا کرتا تھا اور مسروقہ سامان کو لیکر فوراً جھانسی کا رخ کرتا تھا ۔ رچہ کنڈہ پولیس نے اس کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے اس کے خلاف سخت کارروائی کا ارادہ فیصلہ کیا اور انسداد غنڈہ گردی ایکٹ پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔