حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ جاگرتی کی صدر کویتا نے آج تلنگانہ بھون میں جاگرتی کے شعبہ طلبہ کی جانب سے تیار کردہ 2014 کے کیلنڈر کی رسم اجراء انجام دی۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی جدوجہد میں طلبہ نے غیر معمولی حصہ ادا کیا ہے لہذا تلنگانہ ریاست میں نوجوانوں اور طلبہ کے تابناک مستقبل کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں طلبہ کو تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں روزگار کے مناسب مواقع حاصل ہوں گے۔ گذشتہ 56برسوں سے تلنگانہ کے مختلف شعبوں میں جاری ناانصافیوں کا ازالہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ متحدہ ریاست میں سیما آندھرا کے حکمرانوں نے تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی۔
عوام کو روزگار سے محروم کیا گیا اور تلنگانہ کے وسائل کا دیگر علاقوںکی ترقی میں استعمال ہوا۔ انہوں نے تشکیل تلنگانہ کو یقینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی حامی تنظیمیں متحدہ طور پر جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ تلنگانہ جدوجہد میں نوجوانوں اور طلباء کی قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کویتا نے کہا کہ سینکڑوں نوجوانوں نے علحدہ ریاست کیلئے اپنی جانیں قربان کردیں۔ ان کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ آج تلنگانہ ریاست کا خواب حقیقت میں تبدیل ہونے جارہا ہے۔