ججس کانفرنس کے وقت پر جج کا اعتراض، سی جے آئی خاموش

نئی دہلی ، 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چیف جسٹس آف انڈیا این ایل دتّو نے آج اپنے سپریم کرٹ رفیق کار کوریان جوزف کے اس اعتراض پر تبصرے سے انکار کیا کہ ججس کانفرنس کو گُڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے موقع پر اواخرِ ہفتہ منعقد کیا گیا ، اور ایسی باتوں کو بالکلیہ مسترد کردیا کہ ایک اور جج نے بھی اس ایونٹ کے وقت پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ ’’ کوئی تبصرہ نہیں،‘‘ جسٹس دتو نے یہ الفاظ کہے جب جسٹس جوزف کی جانب سے وزیراعظم نریندر مودی کو موسومہ اپنے مکتوب میں ظاہر کردہ خیالات پر اُن کے ردعمل کی بابت پوچھا گیا۔ جسٹس جوزف نے اپنے مکتوب میں تاسف ظاہر کیا کہ وہ یہی وجہ سے آج اعلیٰ ججس کیلئے ڈنر میں شرکت سے قاصر ہیں۔ سی جے آئی نے ان رپورٹس کو بکواس قرار دیا کہ ایک اور سپریم کورٹ جج جسٹس وکرمجیت سین نے بھی یہ کانفرنس گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے مقدس ایام کے درمیان منعقد کرنے پر اعتراض کیا تھا۔ سی جے آئی نے کہا، ’’کوئی ٹکراؤ، کوئی بیان، کوئی اعتراض جسٹس وکرمجیت سین کی طرف سے نہیں ہوا۔ یہ اطلاع غلط ہے‘‘۔