نئی دہلی۔/7اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی نے آج جسٹس کورین جوزف کی کھل کر تائید کی ہے جنہوں نے حال ہی میں گڈ فرائی ڈے کے موقع پر ججس کانفرنس منعقد کرنے پر اعتراض کیا تھا، اور کہا تھا کہ مذہبی اُمور سے احتیاط کے ساتھ نمٹنا چاہیئے۔ سی پی آئی نیشنل سکریٹریٹ نے گڈ فرائی ڈے کے دن آل انڈیا چیف جسٹس کانفرنس کے انعقاد پر تنازعہ کو غیر ضروری قرار دیا۔ سی پی آئی کے جنرل سکریٹری مسٹر ایس سدھاکر ریڈی نے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ گڈ فرائی ڈے 3اپریل کو آل انڈیا چیف جسٹس کانفرنس اور 5اپریل کو وزیر اعظم کی ضیافت میں جسٹس کورین جوزف کی غیر حاضری پر غیرضروری تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔ اگرچیکہ جسٹس کورین نے چیف جسٹس ایچ ایل دتو کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے گڈ فرائی ڈے کے دن کانفرنس منعقد کرنے پر اعتراض کیا تھا لیکن ان کے اعتراض کو نظرانداز کرتے ہوئے یہ کانفرنس منعقد کی گئی جو کہ بدبختانہ امر ہے۔ مسٹر سدھاکر ریڈی نے کہا کہ گزشتہ سال بھی کرسمس کے موقع پر گڈ فورننس ڈے کے ساتھ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی سالگرہ تقریب منانے پر عیسائیوں نے احتجاج کیا تھا۔ سی پی آئی لیڈر نے کہا کہ مودی حکومت اقلیتوں کے جذبات کا پاس و لحاظ نہیں کررہی ہے جس کے باعث ہماری سیکولر شناخت متاثر ہوسکتی ہے۔ عوام کو اس کے خلاف جدوجہد کرنی چاہیئے۔