ریاض : سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے مملکت میں عمرہ اداروں اور کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ کوئی بھی عمرہ کمپنی جبل نور کی زیارت کو اپنے ٹراویل پیکج میں شامل نہ کرے۔وزارت حج نے تمام عمرہ کمپنیوں اور اداروں سے کہا کہ وہ اس ہدایت پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔
مکہ مکرمہ گورنر وزارت حج و عمرہ کو تحریر کردہ مکتوب میں اطلاع دی تھی کہ وزارت اسلامی امور،دعوت و رہنما ئی نے جبل نور پر مشرکانہ سرگرمیوں اور بدعات و خرافات پر مبنی سرگرمیوں کی بہتات سے متعلق خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی ۔
کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ معلمین او رسیاحتی کمپنیوں کے مالکان سے یہ اقرار نامہ لئے جائیں کہ ان میں سے کوئی بھی جبل نور کی زیارت کو عمرہ یا حج پیکج کا حصہ نہ بنائے۔کمیٹی کے ارکان نے اپنی سفارش کا جواز یہ کہہ کر پیش کیا کہ جبل نور پر ان دنوں کو کچھ ہونے لگا ہے وہ شرعاً جائز نہیں ہے۔
وہاں زیارت کے لئے آنے والے لوگ اسلامی شریعت کے مقررہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔سفارش کا ایک جواز یہ بھی ہے کہ جبل نور جانے والے زائرین میں سے بعض پہاڑ سے گر جانے کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
لہذا زائرین کو نقصان سے بچانے کے لئے بھی پابندی ناگزیر ہوگئی تھی۔ وزارت حج و عمرہ کمپنیوں وادروں کو جاری کئے جانے والے خط میں یہ بھی انتباہ بھی دیا گیا ہے کہ اگر آئندہ زائرین کو جبل نور لے جایا گیا تو عمرہ کمپنیوں و ادروں سے باز پرس ہوگی۔