گینگس آف واسع پور
70,000 روپئے دینے سے انکار پر زدوکوب اور ہوائی فائرنگ
دھنباد 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دھنباد کے محلہ واسع پور میں جبری وصولی کے لئے اشرار نے ایک آئی اے ایس افسر کے تین بھائیوں کو زدوکوب کیا۔ آئی اے ایس افسر ابو عمران حکومت جھارکھنڈ میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ڈائرکٹر ہیں۔ پولیس نے کہاکہ کل پیش آئے اس واقعہ میں ان کے دو بھائیوں ابو طارق اور انس الرحمن کو سر پر زخم آئے ہیں اور محمد بابر کے پاؤں پر فریچر آیا ہے۔ زخمیوں کو پاٹلی پترا میڈیکل کالج میں شریک کردیا گیا ہے۔ پولیس نے کہاکہ اس واقعہ کے ضمن میں بُھلی پولیس آؤٹ پوسٹ میں ابو طارق کی طرف سے درج کروائی گئی شکایت پر 15 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ محلہ واسع پور میں غنڈوں کی ٹولیوں کی لڑائیاں اور مجرمانہ سرگرمیوں کی کہانی پر 2012 ء میں انوراگ کیشیپ کی ہدایت میں ہندی فلم ’’گینگس آف واسع پور‘‘ (پہلا و دوسرا حصہ) بنائی گئی تھی۔ ابو طارق کی طرف سے درج کروائی گئی ایک شکایت کے مطابق وہ اور ان کے دو بھائی بُھلی اوور بریج کے قریب ایک بیکری کے دفتر میں بیٹھے ہوئے تھے کہ ایک شخص نے جس کی شناخت دانش خاں کی حیثیت سے کی گئی ہے اپنے بھائیوں کے ساتھ روم میں گھس کر 70,000 روپئے دینے کا مطالبہ کیا تھا اور انکار پر تیز دھار ہتھیار، آہنی سلاخوں اور ہاکی اسٹکس سے حملہ کردیا تھا۔ جبری وصولی میں ملوث ٹولی کے ایک رکن نے اپنی پستول سے ہوا میں دو راؤنڈ فائرنگ بھی کی تھی۔