نئی دہلی۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)بی جے پی کے ورکروں اور عہدیداروں کو مسائل پر تنظیمی نظریات کے درس پر مبنی رہنمائی کی تتربیتی کتاب نے کہا ہے کہ ہندوستان میں ماؤ نوازوں کو پاکستان اور چین سے باقاعدہ اور مسلسل تائید و حمایت حاصل ہے جو اس ملک کی داخلی سلامتی کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے۔ بی جے پی کی نظریات تربیتی کتاب میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ شمال مشرق میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی مدد سے نکسلائیٹس مشترکہ مشقوں کا اہتمام بھی کیا کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ مہاراشٹرا پولیس کی طرف سے حال ہی میں چند مبینہ نکسلائیٹ جہاد کاروں کی گرفتاریوں کے بعد نکسلائیٹ تحریک اور اس کو حاصل تائید ایک اہم موضوع بحث بن گئی ہے، کیونکہ اپوزیشن جماعتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے مہاراشٹرا پولیس کارروائی کی سخت مذمت کی ہے لیکن حکومت بی جے پی اور اس کی حلیف دائیں بائیں بازو کی جماعتوں نے اس کارروائی کی پرزور مدافعت کی ہے۔ بی جے پی کارکنوں کی نظریاتی رہنمائی و تربیتی درس پر مبنی کتاب نے ماؤ نوازوں کے علاوہ ’’مذہب کی جبری تبدیلی‘‘ کو داخلی سلامتی کیلئے ایک اور سنگین خطرہ قرار دیا ہے اور دعویٰ کیا کہ ملک میں علاقہ اور آبادی کے تناسب کو درہم برہم کرنے کیلئے ’’جہادی اور مسیحی بھیس میں کئی سال سے دولت و طاقت کے بل بوتے پر جاری سرگرمیوں کے ذریعہ ایک منظم سازش کی جارہی ہے۔