بھوبنیشور۔ 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) صدرنشین پریس کونسل آف انڈیا ریٹائرڈ جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے آج کہا کہ ملک ایک انتہائی دردناک اور تکلیف دہ مرحلے سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ جاگیردارانہ ذہنیت اور معاشرے میں توہم پرستی کے خلاف جنگ میں قائدانہ کردار ادا کریں۔ صدرنشین پریس کونسل آف انڈیا کُل ہند چھوٹے اور اوسط روزنامہ کے فیڈریشن کی قومی کونسل کے سالانہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نہ تو سامراجی ہے اور نہ عصری بین الاقوامی معاشرہ۔ یہ ایک انتہائی دردناک اور تکلیف دہ مرحلے سے گزر رہا ہے جو امکان ہے کہ آئندہ 20 سال برقرار رہے۔ اس لئے ذرائع ابلاغ کو ان تمام برائیوں کے خلاف جنگ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اطلاعات فراہم کرنے کے علاوہ ذرائع ابلاغ کو عوام کو قیادت فراہم کرنی چاہئے، کیونکہ سائنسی اور عصری انداز فکر پر مبنی نظریات کا دور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک زبردست مسائل جیسے غربت، بیروزگاری اور توہم پرستی کے خلاف جنگ کررہا ہے۔ ریٹائرڈ جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے کہا کہ حالانکہ بادشاہوں اور اشرافیاء طبقہ کی شکل میں سامراجی طاقتیں بہت کمزور ہوچکی ہیں۔ یہ عناصر ملک میں اب بھی موجود ہیں اور عوام کو سامراجی اقتدار سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے نئے ہتھیار کی ضرورت ہے۔