حیدرآباد۔/26نومبر، ( پی ٹی آئی) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے جاپان کے سرمایہ کاروں کو راغب کرتے ہوئے ٹکنالوجی، عصری زرعی طریقوں اور اسمارٹ سٹیز کی تعمیر میں تعاون کی خواہش کی۔ انہوں نے فیوکوکا سٹی کا دورہ کیا اور یہاں کے مشہور ذخیرہ آب بھی گئے۔ انہوں نے آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کے مواقع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جاپان اور ان کی ریاست آندھرا پردیش میں کافی یکسانیت پائی جاتی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے یہ بات بھی کہی کہ ہندوستان اور جاپان کے ثقافتی روابط بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی اعتبار سے آندھرا پردیش میں بھی طویل ساحلی پٹی، انفارمیشن ٹکنالوجی کے بارے میں معلومات اور عوام میں تجارتیرجحان پایا جاتا ہے۔ انہوں نے ہندوستان کی ترقی کے سفر کا حوالہ دیا اور کہا کہ نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ہندوستان تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم جاپان کی جانب سے ہندوستان میں 36بلین ڈالرس کی سرمایہ کاری کے اعلان کا بھی خیرمقدم کیا۔ انہوں نے جاپان میں قدرتیآفات کے باوجود ملک کی غیر معمولی ترقی کی ستائش کی۔ فیوکوکا سٹی کے ڈپٹی میئر سدکری اتسو ہیتو نے کہا کہ وہ آندھرا پردیش کے دارالحکومت کی ترقی میں معلومات کے تبادلہ کیلئے تیار ہیں۔