ٹوکیو ۔ یکم ؍ فروری (سیاست ڈاٹ کام) جاپان میں ایسے افراد جنہیں مالی مشکلات کا سامنا ہے، ان کیلئے ایک خصوصی بیت المعمرین قائم کیا گیا ہے، اس میں آج آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس میں گیارہ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ ٹیلیویژن فوٹیج میں تین منزلہ عمارت کو شعلوں میں گھرا ہوا دکھایا گیا ہے جبکہ برفباری کی وجہ سے موسم انتہائی سرد تھا اور متعدد فائر انجنوں کو آگ بجھاتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔ تاہم جب آگ پر قابو پایا گیا تو اس وقت عمارت کا رنگ بالکل سیاہ ہوچکا تھا اور اس کی چھت بھی منہدم دکھائی گئی۔ ہوکائیڈو نامی مقام پر ایک مقامی تنظیم اس بیت المعمرین کا کام کاج دیکھتی ہے۔ مہلوکین میں آٹھ مرد اور تین خواتین ہیں جن کی شناخت کی جارہی ہے اور آگ لگنے کی وجوہات کی بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔