جاپان میں 42000 مرغیوں کو تلف کرنے کا حکم

ٹوکیو ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جاپان میں اندرون ایک ماہ برڈفلو کی وباء دوبارہ پھوٹنے کے بعد42 ہزار مرغیوں کو تلف کرنے کا حکم دیا گیا۔ ملک کے جنوب مغربی علاقہ میں واقع میازکی علاقہ میں موجود ایک پولٹری فارم میں مرغیوں کا ڈی این اے ٹسٹ کرنے پر انہیں برڈفلو وائرس سے متاثرہ پایا گیا۔ پولٹری فارم کے مالک نے یہ بات بتائی۔ اس نے کہا کہ متعدد مرغیاں اچانک یکے بعد دیگرے فوت ہونے لگیں جس سے اسے تشویش ہوئی۔ عہدیداروں نے آج مرغیوں کو تلف کرنے کا سلسلہ شروع کیا اور 10 کیلو میٹر کے دائرہ میں موجود پولٹری فارمس کے مالکین کو خصوصی ہدایت دی کہ وہ اس جغرافیائی علاقہ سے باہر نہ نکلیں۔ یاد رہیکہ قبل ازیں بھی جاپان میں 4 ہزار سے زائد مرغیوں کو تلف کیا جاچکا ہے۔ ماہ اپریل کے بعد برڈفلوکا وہ پہلا مصدقہ واقعہ تھا۔ مقامی حکام نے فارم کو مقفل کردیا ہے جبکہ مرغیوں کو باہر نکلنے بھی نہیں دیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں وہ حفظان صحت کے اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔ سفر کرنے والی گاڑیوں کو بھی انفیکشن سے بچانے کیلئے اسٹیشن بنائے گئے ہیں جہاں برڈفلو وائرس کو ختم کرنے والی ادویات کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے تاکہ اسے پھیلنے سے روکا جاسکے۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں جو پولٹری فارم متاثر ہوا تھا، دوسرا واقعہ اس پولٹری فارم سے تقریباً 100کیلو میٹر کے فاصلہ پر موجود پولٹری فارم میں رونما ہوا۔