ٹوکیو ۔25 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) جاپان نے ٹوکیو کے جنوبی ساحل کے قریب بین ممالک سکیوریٹی مشقوں کی میزبانی کرنے کافیصلہ کیا ہے تاکہ سمندروں کے ذریعہ میزائیلس اور عام تباہی کے ہتھیاروں کی کھیپ کو روکا جاسکے ۔ جاپانی بحریہ کے ملاحوں نے امریکی ، آسٹریلیائی اور جنوبی کوریائی کوسٹ گارڈس کے ساتھ ایک مشترکہ فوجی مشق میں حصہ لیااور اس طرح ایک ’’فرضی ٹارگٹ کشتی ‘‘ پر یکے بعد دیگرے تینوں ممالک کی بحریہ نے حملے کئے جبکہ اس موقع پر سمندر میں ٹھہرے ہوئے جاپانی جہاز مُراسیم سے صحافی بھی اس منظر سے محظوظ ہورہے تھے ۔ اس مشترکہ کانفرنس میں مندرجہ بالا ممالک کے علاوہ دیگر 26 ممالک جن میں افزودگی سیکیوریٹی انیشیٹو کے چھ کور ارکان ،دیگر 20 مبصرین اور چار غیررکنی ممالک نے بھی حصہ لیا۔
یونان کی جنگلاتی آگ، 80ہلاکتیں
ایتھنز۔25 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) یونانی فائر بریگیڈ نے بتایا کہ دارالحکومت ایتھنز کے نواح میں لگی جنگلاتی آگ سے ہونے والی ہلاکتیں 79 ہو گئی ہیں۔ ان کے علاوہ 187 افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں میں دو درجن کے قریب بچے شامل ہیں۔ جاریہ برس کی جنگلاتی آگ نے 2007 ء میں لگی آگ سے ہونے والی 70ہلاکتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ دوسری جانب یونانی وزیراعظم الیکسِس سپراس نے اس بھاری جانی نقصان پر تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ ایتھنز میں جنگلاتی آگ پیر کے روز سے لگی ہوئی ہے۔