سنگاپور، 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جاپان کے توچگی صوبے میں آج صبح چٹانیں کھسکنے سے چھ طلبا ہلاک ہوگئے جبکہ کچھ دیگر اب بھی لاپتہ ہیں۔ بچاؤ کے کام میں مصروف مقامی عہدیداروں نے کہا کہ چٹانیں کھسکنے کا یہ حادثہ توچگی صوبے کے ناسو شہر میں پیش آیا ۔ مقامی میڈیا کے مطابق چٹانیں کھسکنے کے حادثہ کے وقت تقریبا 50 طلبا اور 12 اساتذہ ڈھلان پر موجود تھے ۔یہ حادثہ صبح ناسو اونسین کے ا سکی ریزارٹ میں اس وقت پیش آیا جب طلبا موسم بہار کے موقع پر ایک تقریب میں حصہ لے رہے تھے ۔ مقامی وقت کے مطابق صبح 9:20 بجے اس حادثہ کی اطلاع موصول ہوئی۔مقامی اطلاع کے مطابق اس حادثہ میں ایک ٹیچر اور دو دوسرے طلبا بھی زخمی ہوئے ہیں۔