ٹوکیو ، 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جاپان میں برفانی طوفان کے نتیجے میں کم سے کم 19 افراد ہلاک ہو گئے۔ برفانی طوفان کی وجہ سے سینکڑوں افراد کو اپنا گھر چھوڑنا پڑا جبکہ 100 سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ جاپانی میڈیا کے مطابق ملک کے کچھ حصوں میں اب تک تین فیٹ برف پڑ چکی ہے، اور بھاری برفباری کی وجہ سے ایئرپورٹ بند اور متعدد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ جاپانی محکمہ موسمیات نے مزید برفانی طوفان کی پیش قیاسی کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق شدید برفباری کی وجہ سے چند علاقوں میں عمارتوں کی چھتیں گر گئیں، سینکڑوں گاڑیاں برف میں پھنس گئیں اور ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا۔ دارالحکومت ٹوکیو میں جمعہ اور ہفتہ کی رات 27 سینٹی میٹر برف پڑی جبکہ متعدد شہروں میں ریکارڈ برفباری کی اطلاعات ہیں۔ جاپان میں ایک ہفتے کے دوران یہ دوسرا برفانی طوفان ہے۔ امریکہ، کناڈا اور برطانیہ آج کل شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ امریکہ میں جنوب مشرق سے لے کر شمال مشرق کا علاقہ برفانی طوفان سے متاثر ہے۔