جاپان سے فتح کا جشن، چین میں خصوصی تقریبات

بیجنگ۔ 03 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جاپان کو میدان جنگ میں شکست دینے کی 69 ویں سالگرہ کے موقع پر چین میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں صدر اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ 7 جولائی 1937، چینیوں نے جاپانی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، 69 سال قبل جیتی گئی جنگ کی یاد آج وکٹری ڈے کے عنوان سے منائی جاتی ہے۔ دارالحکومت بیجنگ کے لوگو برج پر صدر شین پنگ اور اعلیٰ حکام جمع ہوئے، مرنے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ زندہ قومیں ہیروز کو فراموش نہیں کرتیں، 2014 ء کے سپاہیوں نے 1937 ء کے فوجیوں کی یادگار پر پھول چڑھائے۔ اس موقع پر اسکول کے بچوں نے ملی نغمے بھی پیش کئے، تقریب کے آخر میں امن کی خواہش کے ساتھ فاختاؤں کو آزاد کیا گیا۔