ٹوکیو 20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جاپانی محکمہ موسمیات نے خبر دار کیا ہے کہ جاری ہفتے میں ہی جاپان دو سمندری طوفانوں کی زد میں آسکتا ہے ۔ دو طاقت ورسمندری طوفان اگلے دنوں میں مختلف ملکی علاقوں سے ٹکرانے والے ہیں۔ محکمے کے مطابق آنے والے طوفانوں میں سے ایک طوفان کل جنوبی جاپانی جزیرے کیوشُو سے ٹکراسکتا ہے ۔ اس تصادم میں ساحلی پٹی سے دس میٹر تک بلند لہروں کے ٹکرانے کا اندیشہ ہے ۔ جاری موسم کا یہ 19واں سمندری طوفان ہے ۔ اسکے ساتھ ہی ایک اور یعنی 20واں طوفان بھی اسی ہفتے جمعرات کو وسطی جاپان سے ٹکراسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ جاپان میں سابقہ تین دہائیوں میں اسقدر زیادہ تعداد میں سمندری طوفان نہیں آئے ۔ اب تک ان طوفانوں کی زد میں آ کر 220 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔