واشنگٹن۔ 8 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ جاپان اور اُن کے ملک کے درمیان تجارتی مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق ٹوکیو کو یہ حقیقت معلوم ہے کہ امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ طے نہیں ہوتا تو یہ ایک بڑے مسئلہ کی صورت میں ابھر سکتا ہے۔ ٹرمپ نے بتایا کہ جاپان نے امریکہ کے ساتھ تجارتی بات چیت شروع کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے کے دوران رابطہ کیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے بھی امریکہ کے ساتھ تجارتی مذاکرات شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ٹرمپ کے مطابق مذاکرات میں کامیابی کے بعد واشنگٹن اور نئی دہلی کے درمیان پہلی مرتبہ ایک تجارتی ڈیل کو حتمی شکل دی جا سکے گی۔
شام :فضائی حملوں میں 9ہلاک،20زخمی
بیروت۔ 8 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام)شام میں باغیوں کے قبضے والے صوبے ادلب اور حما میں مختلف مقامات پر جمعہ کو ہوائی حملوں اور فائرنگ کے مختلف واقعات میں نو افراد ہلاک جبکہ 20 دیگر زخمی ہو گئے ۔شامی انسانی حقوق مانیٹرنگ گروپ نے بتایا کہ شمالی حما اور جنوبی ادلب صوبوں میں باغی گروپوں کے ٹھکانوں کو ہدف بناکر حملے کئے گئے ۔شامی خبررساں ایجنسی (ثنا) کے مطابق حما کے شمالی مغربی بیرونی علاقے میں واقع عیسائی اکثریتی شہر پر جمعہ کی شام کو اچانک ہوئی فائرنگ میں نو افراد کی موت ہو گئی اور 20 افراد زخمی ہو گئے ۔مرنے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ادلب میں سرگرم ایک چھوٹے جہادی گروپ نے مہرداد شہر میں فائرنگ کے واقعہ کی ذمہ داری لی ہے ۔