جاپانی ٹیم نے صفائی سے دل جیت لئے

ماسکو۔4 جولائی(سیاست ڈاٹ کام )روس میں رواں فٹ بال ورلڈ کپ میں جاپانی ٹیم کی کارکردگی اچھی نہ رہی اور وہ بلجیئم کیخلاف میچ ہار کرٹورنمنٹ سے باہر ہوگئی۔اس کے باوجود جاپانی ٹیم نے دنیا بھرکے شائقین کے دل جیت لئے اور اس کی وجہ انکا کھیل نہیں بلکہ صفائی ہے کیونکہ جاپانی فٹ بال ٹیم نے جاتے جاتے ڈریسنگ روم چمکادیا۔جی ہاں،جاپانی فٹ بال ٹیم نے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد واپسی کیلئے سامان باندھا تو ڈریسنگ روم کی صفائی کرکے اسے چمکا دیا۔جاپانی ٹیم کے اس عمل کو سوشل میڈیا پر لوگوں نے خوب سراہا اور دوسری ٹیموں سے بھی ایسی ہی صفائی پسندی کا مطالبہ کیا۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے دوران جاپانی مداحوں نے اسٹیڈیم کی صفائی کرکے سوشل میڈیا پر کروڑوں افراد کی توجہ حاصل کی تھی۔