جاپانی شہنشاہ اکیھیتو کی 84 ویں سالگرہ تاج سے دستبرداری تک فرائض انجام دینے کا عہد، عوام سے اظہارتشکر

ٹوکیو ۔ 23 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) جاپان کے شہنشاہ اکیھیتو انے آج اس عہد کے ساتھ اپنی 84 ویں سالگرہ منائی کہ وہ 2019 ء میں اپنے جانشین ولیعہد کے حق میں تخت و تاج سے سبکدوشی تک بدستور تمام فرائض انجام دیتے رہیں گے اور نئی نسل کو بادشاہت تفویض کرنے کی تیاری کریں گے ۔ اکیھیتو نے شاہی محل کی بالکونی سے اپنے ہزاروں مداحوں کی مبارکباد کا ہاتھ لہراکر جواب دیا ۔ بعد ازاں اپنی سالگری کے جشن میں شامل ہوگئے ۔ شاہ اکیھیتو نے اس ہفتہ کے اوائیل میں اپنی سالگرہ سے قبل سالگرہ تبصرہ کیلئے پریس کانفرنس سے خطاب کیا جو آج جاری کئے گئے ۔ اکیھیتو نے سارے ملک کو حیرت زدہ کرنے والے سبکدوشی کے فیصلہ کے حصول میں عوام کے تعاون پر اظہار تشکر کیا ۔ اکیھیتو کا نظام الاوقات اور دائرہ کار ہنوز بہت وسیع ہے ۔ وہ تمام سرکاری دستاویزات پر دستخط کرتے ہیں ۔ بیرونی مہمانوں سے ملاقاتیں کرتے ہیں اور آفات و حادثات سے متاثرہ مقامات کے دورے کیا کرتے ہیں۔ اکیھیتو اگرچہ آج 84سال کے ہوگئے تاہم انھوں نے کہا ہے کہ وہ تخت و تاج سے اپنی سبکدوشی تک بدستور اپنے شاہی فرائض انجام دیتے رہیں گے ۔ انھوں نے 30 اپریل 2019 ء کو اپنے ولیعہد کے حق میں تخت و تاج سے دستبرداری ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔