لکھنو ۔ ۱۸۔ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش کے شہر آگرہ میں تاج محل کی سیاحتکیلئے آنے والا ایک جاپانی سیاح سیلفی لینے کی کوشش کرتے ہوئے گر کر ہلاک ہوگیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ کل شام پیش آیا۔ مذکورہ سیاح چار سیاحوں کے گروپ میں شامل تھا جو تاج محل دیکھنے کیلئے آئے تھے۔اس حادثے کے ایک عینی شاہدنے بتایا کہ شام تقریباً ساڑھے چار بجے جاپانی سیاح تاج دیکھنے پہنچے تھے۔ان کا کہنا ہے کہ یہ سیاح شاہی دروازے کے پاس کیمرے سے تصویریں لے رہے تھے۔اس دوران ٹیم کے تین رکن سیڑھیاں اتر کر آگے بڑھ گئے جبکہ ہیڈیكو نامی سیاح سیڑھیاں اترتے ہوئے سیلفي لینے لگا۔عینی شاہد کے مطابق اسی دوران ان کا پاؤں پھسلا اور وہ نیچے آ گرے۔حکام کے مطابق حادثے کے بعد انھیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔مقامی پولیس انچارج سشانت گور نے بتایا کہ جاپانی سیاح چند دن پہلے ہندوستان آئے تھے اور جمعرات کو ہی جے پور سے آگرہ پہنچے تھے۔