ٹوکیو۔30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) جاپان کے بادشاہ آکی ہیٹو نے تخت پر تیس برس براجمان رہنے کے بعد دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ دستبرداری کی تقریبات کے سلسلے کا آغاز انہوں نے آج منگل کو ایک دیوتا کے مندر میں پوجا سے کیا۔ گزشتہ دو صدیوں میں جاپانی تخت سے دستبردار ہونے والے وہ پہلے بادشاہ ہیں۔ اُن کی جگہ پر ولیعہد نارو ہیٹو کل چہارشنبہ کو تخت پر براجمان ہو جائیں گے۔ پچاسی سالہ آکی ہیٹو دوسری عالمی جنگ کے بعد نئے ملکی دستور کے تحت بننے والے پہلے بادشاہ ہیں۔ دستور میں جاپانی بادشاہ کو عوام کا نشان قرار دیا گیا ہے اور یہ بادشاہ کسی سیاسی قوت کا حامل نہیں ہوتا۔ اُن کے والد ہیرو ہیٹو کو دوسری عالمی جنگ میں شکست ہوئی تھی۔
کینیڈا: کیوبک سیلاب میں ڈوب گیا
ٹورنٹو۔30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) کینیڈا کا شہر کیوبک کئی روز سے سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، صورتحال خراب ہونے پر فوج کو طلب کیا گیا ہے۔کینیڈین شہر کیوبک کو فضاسے دیکھا جائے تو یہ کسی وسیع جھیل کا منظر پیش کر رہا ہے جہاں تمام گھر، میدان، درخت اور بجلی کے پول پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ سیلاب کے باعث کیوبک کے ساڑھے 5 ہزار گھر متاثر ہوئے ہیں، جبکہ ایک ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔سیلابی ریلے کی زد میں آنے سے ایک کار میں سوار ایک خاتون ہلاک ہوگئیں۔