ممبئی ۔ 23 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : فلمی اداکار ودیوت جموال کا یہ تاثر ہے کہ جاٹ برادری جو کہ تحفظات کے مطالبہ پر احتجاجی تحریک چلا رہی ہے چاہئے کہ جوش کی بجائے ہوش سے کام لیں ۔ ہریانہ میں جاٹ برادری کے ایجی ٹیشن سے اضطراب پر اپنا ردعمل پیش کرتے ہوئے فلم ’ کمانڈو ‘ کے اداکار نے کہا کہ وہ حد سے زیادہ جذباتی ہوگئے ہیں اور انہیں دانشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔ جاٹ برادری بہت جلد مشتعل ہوجاتی ہے انہیں دل اور دماغ کا استعمال کرنا چاہئے ۔ ہریانہ میں گذشتہ 9 یوم سے جاری تشدد میں 16 افراد کی موت واقع ہوگئی ہے ۔ جب کہ سڑکوں پر سے احتجاجیوں کو ہٹانے کی کوشش پر سیکوریٹی فورس کے خلاف سنگباری اور سرکاری گاڑیوں کو نذر آتش کیا جارہا ہے ۔ اداکار ودیوت جموال فلم کمانڈو کے تسلسل کمانڈو 2 میں بھی دیکھے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی فلم کمانڈو کی کامیابی سے وہ پر جوش ہیں اور توقع ہے کہ دوسری فلم کو بھی عوام کی پذیرائی حاصل ہوگی ۔ انہوں نے سوپر اسٹار سلمان خاں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کی ۔۔
ملزم کو پاسپورٹ کا اجراء ، سپریم کورٹ دفعات کا جائزہ لیگی
نئی دہلی۔ 23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج اتفاق کیا کہ پاسپورٹ جاری کرنے کے قانون اور اعلامیہ کا جائزہ لے گی جس کی وجہ سے ایک سال کا پاسپورٹ ایک ملزم کو عدم اعتراض صداقت نامہ عدالت کی جانب سے جاری کیا گیا تھا اور پاسپورٹ کا اجراء عمل میں آیا تھا۔ جسٹس جے چلمیشور اور جسٹس اے ایم سبرے پر مشتمل سپریم کورٹ کی بنچ نے مرکزی حکومت اور علاقائی پاسپورٹ دفتر غازی آباد کو ایک وکیل پرشانت بھوشن کی درخواست پر نوٹسیں جاری کردیں۔ درخواست کے بموجب ایک ملزم کو ایک سال کا پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا حالانکہ اس کے خلاف ایک دھرنے میں شمولیت اور احتجاج کرنے کی بناء پر ایف آئی آر درج تھے۔