نئی دہلی 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج الزام عائد کیاکہ ہریانہ میں شدید احتجاج کے پس پردہ کانگریس پارٹی ہے اور نائب صدر راہول گاندھی سے خواہش کی کہ اپنی انتشار پسند سیاست ترک کردیں۔ پارٹی نے ایک آڈیو ٹیپ کا حوالہ دیا جو سابق چیف منسٹر بھوپندر سنگھ ہوڈا کے قریبی بااعتماد ساتھی کا ہے جس میں عوام کو تشدد پر اُکسایا گیا ہے۔ کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی نے کہاکہ اِن ٹیپس سے واضح ہوگیا ہے کہ حکومت ہریانہ کے خلاف بڑے پیمانے پر سازش کی گئی ہے اور جس انداز میں یہ سازش کی گئی ہے، عوام کو ہراساں کیا گیا اور اُنھیں لوٹا گیا، انتہائی بدبختانہ ہے۔ بی جے پی کے قومی سکریٹری شری کانت شرما نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران اپوزیشن کانگریس پر یہ الزام عائد کیا۔