روہتک اور بھیوانی اضلاع میں ریل اور روڈ ٹریفک کا آغاز
چندی گڑھ ۔ 24 فبروری۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جاٹ طبقہ کے شدید احتجاج کے بعد اب ہریانہ کے مختلف اضلاع میں صورتحال بہتر ہورہی ہے اور عام زندگی بحال ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ ضلع حصار میں کرفیو برخواست کردیاگیا جبکہ تشدد سے متاثرہ اضلاع روہتک اور بھیوانی میں ریل و سڑک ٹریفک شروع ہوچکی ہے ۔ ان علاقوں میں احتجاج کی وجہ سے گذشتہ ایک ہفتہ سے ٹریفک مسدود تھی ۔ بھیوانی میں جو تشدد سے شدید متاثر ضلع ہے کرفیو میں چار گھنٹے کی نرمی دی گئی ہے۔ یہاں صورتحال میں بہتری کو دیکھ کر کرفیو ہٹالیا جائے گا جبکہ حصار سے کرفیو مکمل برخاست کردیا گیا ہے اور اس کے قریبی ٹاؤن جائس میں امتناعی احکام نافذ ہیں۔ جاٹ طبقہ کے تشدد کا اصل مرکز سمجھے جانے والے ضلع روہتک میں کل سے سکون ہے اس لئے یہاں دن بھر کا کرفیو ہٹالیا گیا ۔ جاٹ طبقہ کے احتجاج کی وجہ سے کئی سرکاری اور خانگی املاک کو نقصان پہونچا تھا ۔ کئی دوکانات ، شورومس ، ہوٹلوں ، مالس اور موٹر گاڑیوں کو تباہ کردیا گیا تھا ۔ چیف منسٹر منوہر لال کھتر اور سابق چیف منسٹر بھوپندر سنگھ ہوڈا دونوں نے کل ضلع روہتک کا دورہ کیا تھا جہاں پر انھیں تاجروں اور دوکانداروں کی برہمی کا سامنا کرنا پڑا ۔ ان دوکانداروں کا بھاری نقصان ہوا ہے ۔