جاوید اختر نے میرے لئے کبھی کوئی شعر نہیں لکھا:شبانہ اعظمی

کراچی ۔ 13 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) رومان سے بھر پور شاعری کرنے والے جاوید اختر سے ان کی بیوی شبانہ اعظمی نے شکوہ کیا ہے کہ جاوید اختر نے ان کے لیے کبھی کوئی شعر نہیں لکھا۔ شبانہ اعظمی آج جیو نیوز کے اسٹوڈیو میں مدعو تھیں۔ اس موقع پر ان سے جیو نیوز کی اینکرناجیہ اشعر نے سوال کیا کہ جاوید اختر نے یہ گانا ’’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘‘ کیا آپ کے لئے لکھا تھا تو شبانہ اعظمی نے کہا کہ نہیں یہ گانا انہوں نے منیشا کوئرالہ کیلئے لکھا تھا۔

انہوں نے اس موقع پر شکوہ کیا کہ جاوید نے ان کیلئے کبھی کوئی شعر نہیں لکھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے جاوید اختر کہتے ہیں کہ کوئی اگر سرکس میں کام کرتا ہو تو کیا وہ گھر میں الٹا لٹکا رہے گا۔ان سے پوچھا گیا کہ آپ کبھی کوئی کمی محسوس کرتی ہیں جو زندگی میں پوری نہیں ہوئی ہو۔ تو انہوں نے بتایا کہ انہیں کھانا پکانا نہیں آتا جس کی کمی وہ آج بھی محسوس کرتی ہیں۔