جاوید اختر ، میری کوم اورششی تھرور کی جے پور لٹریچر فیسٹول میں عدم شرکت

جے پور۔/21جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) پانچ بار عالمی چمپین رہ چکی اور اولمپک میں کانسہ کا تمغہ حاصل کرنے والی خاتون باکسر ایم سی میری کوم نے جے پور لٹریچر فیسٹیول کا اپنا مجوزہ دورہ منسوخ کردیا ہے۔ میری کوم کے منیجر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لندن کے حالیہ دورہ کے دوران میری کوم کی بیٹی کا مزاج خراب ہوگیا ہے لہذا یہ بڑی بد قسمتی کی بات ہے کہ میری کوم کو جے پور کا دورہ منسوخ کرنا پڑا۔’’ رئیل ویمن سیریز ‘‘ کے تحت میری کوم کو ’’ پولنگ دی پنجس ‘‘ کے عنوان سے ایک سیشن میں حصہ لینا تھا جہاں ان کے ساتھ مصنفہ امریتا ترپاٹھی گفتگو کرنے والی تھیں۔ اب جبکہ میری کوم جے پور کا دورہ نہیں کررہی ہیں، وہاں چلنے والے سیشن کا عنوان بدل کر ’’ نومور پنچس‘‘ کردیا گیا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ میری کوم کی سوانح حیات بھی حال میں منظر عام پر آئی ہے جس کا عنوان ہے ’’ اَن بریکیبل‘‘۔ میری کوم ہی وہ واحد مشہور شخصیت نہیںہیں جنہوں نے آج اختتام پذیر ہونے والے جے پور لٹریچر فیسٹیول میں شرکت سے معذوری ظاہر کی ہے بلکہ ان میں مرکزی وزیر ششی تھرور اور بالی ووڈ کے نغمہ نگار و اسکرپٹ رائٹر جاوید اختر بھی شامل ہیں۔ ششی تھرور کی اہلیہ سنندا پشکر کی خودکشی کے بعد ششی تھرور فی الحال اس موقف میں نہیں کہ وہ کسی فیسٹیول میں شرکت کرسکیں۔ جاوید اختر بھی’’ اردو میں ہندوستان‘‘ کے عنوان سے ایک سیشن میں شرکت کرنے والے تھے لیکن انہوں نے پروگرام کیوں منسوخ کیا، اس کا پتہ نہیں چل سکا۔

اطالوی ملاحوں پر این آئی اے کی فرد جرم
نئی دہلی۔/21جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) این آئی اے دو اطالوی ملاحوں کے خلاف فرد جرم کا ادخال کرے گی جو کیرالا کے دو مچھیروں کے قتل میں ملوث ہیں۔ این آئی اے کو یہ اختیارات حاصل ہونے کے بعد کہ ان ملاحوں کے خلاف ایسے قانون کے تحت کارروائی کی جائے جہاں صرف سزائے موت ہی دی جاسکتی ہے ، فرد جرم کی راہ ہموار ہوگئی تاہم فرد جرم عائد کرنا 3فبروری سے قبل ممکن نہیں ہوگا۔ کیونکہ مرکز نے سریم کورٹ سے کہا ہے کہ اسوقت تک اس معاملہ پر اطالوی حکومت کے ساتھ بھی تمام تنازعات کی یکسوئی کرلی جائے گی۔