جمہوریت اور مساوات کی قابل تقلید مثال
گھر کے باہر برف کی عدم صفائی کا شاخسانہ
واشنگٹن ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیرخارجہ کے خلاف بوسٹن کی بلدی عہدیداروں نے اس بات پر 50 امریکی ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں برفباری کے دران ان (کیری) کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہونے والی برف نہیں ہٹائی گئی تھی۔ بوسٹن گلوب نے خبر دی ہیکہ پنکن اسٹریٹ پر واقع مسٹر کیری کے بیکن ہل مینشن کے روبرو اور متصلہ فٹ پاتھ پر جمع شدہ برف کی صفائی میں وہ ناکام ہوگئے تھے، جس پر شہری عہدیداروں نے گذشتہ روز ان کے خلاف جرمانہ عائد کیا۔ مسٹر کیری کے ترجمان گلین جانسن نے کہاکہ وزیرخارجہ بروقت و بخوشی یہ جرمانہ ادا کردیں گے۔ مسٹر گلین نے کہا کہ سفارتکار بھی ہماری طرح ہی ہوتے ہیں لیکن برفباری کے موقع پر وزیرخارجہ (کیری) بیرونی دورہ پر تھے جب برفباری کے نتیجہ میں ان کی رہائش گاہ اور اطراف برف جمع ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ برفباری کے موقع پر وزیرخارجہ بھی صدر بارک اوباما کے ساتھ سعودی عرب کے دورہ پر تھے جہاں انہوں نے شاہ عبداللہ کے انتقال پر تعزیت کیلئے پہنچے تھے۔