جان کیری کی محمود عباس سے ملاقات

پیرس ، 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے فلسطینی صدر محمود عباس سے پیرس میں ملاقات کی ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق کیری اور عباس نے مشرق وسطیٰ امن مذاکرات کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں قائدین کے مابین بات چیت مثبت انداز میں دو گھنٹوں تک جاری رہی۔ اس کے علاوہ فلسطین اور اسرائیل کے مابین مذاکراتی عمل کے چیدہ چیدہ نکات پر ایک مرتبہ پھر بحث کی گئی۔ پیرس پہنچنے سے قبل کیری نے کہا تھا کہ وہ اسرائیل اور فلسطین دونوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ جان کیری نے مشرقی وسطیٰ تنازعے کو حل کرنے کیلئے گزشتہ برس خطے کے گیارہ دورے کئے تھے۔

لیبیا کی فوج کا طیارہ حادثہ کا شکار، 11 افراد ہلاک
گرومبالیا (تیونس) ، 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کے ایک فوجی طیارہ کے حادثہ میں 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ خبر رساں ادارہ ’انڈیپنڈنٹ نیوز‘ کے مطابق یہ طیارہ تیونس کے دارالحکومت سے چالیس کلومیٹر جنوب میں تباہ ہوا۔ یہ طیارہ فوج کے طبی شعبے کا تھا۔ فوجی ذرائع نے تصدیق کی کہ طیارہ میں سوار کوئی بھی فرد بچ نہیں سکا۔ حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔