واشنگٹن۔ 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں صدارتی الیکشن کے متنازعہ نتائج کے بعد اگر کسی نے اقتدار پر غیر قانونی قبضے کی کوشش کی تو اس کا نتیجہ امریکی حمایت کی معطلی کی صورت میں نکلے گا۔ کابل میں امریکی سفارت خانے کے منگل کی صبح جاری کردہ ایک بیان کے مطابق جان کیری نے کہا ہے کہ انہیں افغانستان میں صدارتی الیکشن کے ابتدائی سرکاری نتائج کے اعلان کے بعد احتجاجی مظاہروں کی رپورٹوں پر گہری تشویش ہے اور ان تجاویز پر بھی کہ افغانستان میں ایک ’متوازی حکومت‘ قائم کی جانی چاہئے۔