جان کیری جنگ بندی کیلئے ہنوز کوشاں

جنیوا ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ جان کیری شام میں جزوی جنگ بندی کے سلسلے میں نئی کوشش کرنے کے لیے جنیوا میں موجود ہیں۔ جان کیری اتوار کو شام کی بگڑتی صورت حال پر بات چیت کے لیے شام کے لیے اقوام متحدہ کے سفیر، اردن اور سعودی عرب کے وزارئے خارجہ سے اہم بات چیت کے لیے ملاقات کرنے والے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی پہلی ترجیح حلب شہر میں خون خرابے کو روکنا ہے۔ گذشتہ دس دنوں میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ روس کے ایک فوجی اہلکار کا کہنا تھا کہ حلب میں جنگ بندی کے حوالے سے معاہدے پر بات چیت جاری ہے۔ امریکہ چاہتا ہے کہ روس اپنے اتحادی شام کی حکومت پر اس بات کے لیے دباؤ ڈالے کہ وہ حلب پر اپنی بلا امتیاز بمباری روکے۔لیکن روس اور شام کی حکومت کا مؤقف ہے کہ حلب میں بمباری کا نشانہ دہشت گرد گروپ نصرا فرنٹ ہے جو فروری میں ہوئے جنگ بندی کا معاہدہ کا حصہ نہیں تھا۔ جنیوا پہنچنے پر جان کیری اردن کہ وزیر خارجہ ناثر جودے سے بات چیت سے پہلے کہنا تھا ہم اب بھی روس سے براہ راست بات کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ نازک وقت ہے۔ ہمیں روس سے تعاون چاہیے۔ ظاہر سی بات ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ شام کی حکومت روس کی سنے اور بین الاقوامی برادری کی جانب سے اقوام متحدہ کو دیے گئے بیان پر کوئی رد عمل دے۔‘ جان کیری کا اس بات پر زور تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ’ ملک بھر میں جنگی کارروائی کو روکنے اور ملک میں امدادی کاروائیوں تک رسائی کے لیے کہا تھا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ حقیقت میں ایسا ہو رہا۔‘